پی ڈی ایم کا 23 مارچ کو ہی لانگ مارچ کرنے کا اعلان



پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) نے 23 مارچ کو ہی لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 23 مارچ کو ملک کے کونے کونے سے عوام اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے ان کی مصنوعی ایمانداری کا آئینہ دکھا دیا ، حکمرانوں کو ذرا شرم و حیا ہوتی تو چلو بھر پانی میں ڈوب مرتے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کو مہنگائی کے ایسے بھنور میں پھنسا دیا گیا ہے جس سے نکلنے کے آثار نہیں آرہے، عوام کی چیخیں انہیں سنائی نہیں دے رہے، ان حکمرانوں کو عوام کے کرب کا کوئی احساس نہیں، سارے سیاستدانوں کے خلاف کرپشن کے نعرے اور چور چور اور چور کہنے والوں کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے ان کے مصنوعی ایمانداری کا آئینہ دکھا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کرپشن میں چند سالوں میں 117 سے 140 پہ چلا گیا ہے، کچھ میں شرم ہوتی ان کو چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیے تھا۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ تاریخ کی سب سے ناکام، کرپٹ اور نااہل حکومت یہ ثابت ہوچکی ہے، اب بھی کوشش کررہی ہے کہ مشینوں کا سہارا لے کر دھاندلی کے ذریعے اقتدار کے مزے لوٹے، قوم بیدار ہے ان کو مکھی کی طرح انگلی سے پکڑ کر اقتدار سے باہر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان مجرم قرار پاچکا ہے اور 22 کے قریب اکاؤنٹس چھپائے ہے، کسی نے وصول نہ کرنے والی تنخواہ پر نااہل اور 22 اکاؤنٹ چھپانے والے کو بچانا کہاں کا انصاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے عمران خان کو مجرم اور اس جماعت کو کالعدم قرار دیا جائے، یہ سارا ٹبر چور ہے، جو کسی اور قوت سے بنتی ہے وہ سیاسی جماعت نہیں ہوتی، ہم ای وی ایم کو تسلیم نہیں کریں گے یہ آر ٹی ایس کا دوسرا نام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک خلائی تجویز صدارتی طرز حکومت گشت کررہی ہے، صدارتی نظام ملک میں آمریت کا دوسرا نام رہا ہے چاہے وہ ایوب ہو، یحیی ہو، ضیا ہو یا مشرف، ہم اس ناپاک خواہش کو پورا نہیں ہونے دیا جائے گا ، ہم آئین کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔


متعلقہ خبریں