اپوزیشن والے 23 مارچ کو آئیں گے تو اپنا سا منہ لیکر لوٹ جائیں گے، شیخ رشید


وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے 23 مارچ کو آئیں گے تو اپنا سا منہ لے کر لوٹ جائیں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ پوائنٹ ودھ مالک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کو یہاں سو سے زائد ممالک کے وزرائے خارجہ ہوں گے ، ہم موبائل فون سروس اور سڑکیں بند کردیں گے، آدھی سے زائد سڑکیں فوج کے پاس ہوں گی۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے 110 فیصد ٹھیک کہا کہ اگرنکالا گیا تومزید خطرناک ہوں گے، عمران خان واقعی سڑکوں پربہت خطرناک ہیں، وہ جسمانی اورسیاسی طور پرمکمل فٹ ہیں۔ عمران خان نے ایک جملہ کہہ کر میڈیا کو8 دن کیلئے مصروف کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے 5 آرمی چیف لگائےاورپانچوں سے جوڈو کراٹے ہوئے، ان کا کوئی اسکوپ نہیں ہے، عمران خان ہی بہترین چوائس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ٹائم آف سلیکشن عجیب ہے، 2 سال سے بھی کم عرصہ رہ گیا، کیا کرلیں گے یہ؟ اداروں کی رائے بن چکی ہے، یہ بےنقاب ہو چکے ہیں۔

اپوزیشن قانون ہاتھ میں لے گی تو ہم انہیں ہاتھ میں لیں گے، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا کہ اُن کوپتہ ہے کہ عمران خان ملک کوبحرانوں سے نکالنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اس وقت بہت بڑا مسئلہ ہے، عمران خان کا خیال ہے کہ رمضان کے بعد مہنگائی کو کنٹرول کر لیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ میرا بزدارسے پہلے تعلق نہیں تھا لیکن جب پتہ لگا کہ وہی وزیراعلیٰ بنے گا تو پھرمیں نے بھی تو کام کرانا ہے،ان سے میں نے تین یونیورسٹیاں لی ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایف آئی اے میرے پاس تھی جب کہ احتساب کے کیسزکو شہزاد اکبر دیکھ  رہے تھے، جتنی وصولیاں ہوئیں اس میں ایف آئی اے کا بڑا کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی سےمذاکرات اختتام کوپہنچ گئے، اس وقت بارڈر فینسنگ رکی ہوئی ہے،20 کلومیٹر فنسنگ رہتی ہے، بات چیت میں سنجیدہ تھے لیکن قومی سالمیت کے خلاف کچھ بھی قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی سےمذاکرات میں سول اورعسکری لوگ شامل تھے۔


متعلقہ خبریں