اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر و فلسطین حل کرائے، ملیحہ لودھی


نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کا اطلاق یقینی بناتے ہوئے مسئلہ کشمیر و فلسطین حل کرائے۔

سلامتی کونسل میں ’عالمی امن و سلامتی کے لیے بین الاقوامی قانون کا اطلاق‘ کے موضوع پر ہونے والے مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل اپنے عمل میں جانبداری سے گریز کرے اور مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پسند، ناپسند کا کھیل ختم کرے۔

ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ بڑی طاقتوں کی سیاست، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر حاوی ہو چکی ہے۔ قانونی امور پر اخلاقی گراوٹ سلامتی کونسل کی ناکامی ظاہر کرتی ہے۔ یہی وہ عوامل ہیں جس کے باعث کشمیر اور فلسطین کا مسئلہ آج تک حل نہیں ہو سکا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ اپنی ساکھ کو بہتر بنانے کے لیے اقوام متحدہ کو جمہوری نمائندگی، شفافیت اور مسائل کے حل کے لیے متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے تمام ممالک پر اقوام متحدہ کی اہمیت واضح کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر پرعمل درآمد تمام ریاستوں پر لازم ہے اوراسی طریقے سے اقوام متحدہ پراعتماد کا اظہار کیا جا سکتا ہے۔

ملیحہ لودھی نے اپنے خطاب میں سابق امریکی صدر مارٹن لوتھر کنگ کے قول ’ناانصافی کہیں بھی ہو، انصاف کیلئے خطرہ ہے‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ مسائل حل کرے کیونکہ ان مسائل کا حل دنیا بھر میں امن کے دیرپا قیام کے لیے بہت ضروری ہے۔

مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ امن کا فروغ اقوام متحدہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے اقوام متحدہ عالمی امن و سلامتی سے جڑے مسائل سفارت کاری کے ذریعے حل کرے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے ثالثی اور مذاکرات کی اہمیت کو اجاگر کرے۔


متعلقہ خبریں