تحریک انصاف نے تاریخی غداری کی، سراج الحق


پشاور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر مافیاز کی حکومت ہے اور تحریک انصاف نے تاریخی غداری کی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل سینٹ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے حوالے کیا گیا اور ایک ارب روپے کے عوض تحریک انصاف نے تاریخی غداری کی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غلامی کا پٹہ عوام کے گلے میں ڈال دیا ہے اور اسٹیٹ بینک کا گورنر ایک مالیاتی  واسرائے بن گیا۔ اسٹیٹ بینک کا گورنر اب کسی کو جوابدہ نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی حکومت میں ہر سال کرپشن میں اضافہ ہوا، احسن اقبال

سراج الحق نے کہا کہ قانون کا مسودہ آئی ایم ایف نے تیار کیا تھا اور گورنر آف اسٹیٹ بینک وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کو جوابدہ نہیں ہو گا لیکن افسوس سارے کھیل میں اپوزیشن نے بھی ساتھ دیا اور منصوبے کے مطابق اپوزیشن کے لوگ پارلیمنٹ نہیں گئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک پر مافیاز کی حکومت ہے جبکہ چینی، آٹا، پیٹرول اور گندم کے بحرانوں میں وفاقی وزراء ملوث تھے۔ اپوزیشن نے ہر موقع پر حکومت کا ساتھ دیا اور حکومت آنے سے شرح سود میں اضافہ  ہو گیا، ایک غیر مسلم نے شراب پر پابندی کا مطالبہ کیا تو سب اس کے خلاف اکھٹے ہوئے۔


متعلقہ خبریں