لاشوں کے بدلے اقتصادی پیکجز منظور نہیں، مشعال ملک


سری نگر: کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا دورہ مقبوضہ کشمیر کوئی معنی نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو لاشوں کے بدلے انفراسٹرکچر اور اقتصادی پیکجز منظور نہیں۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ترقیاتی کام محض دکھاوا ہیں۔ کشمیریوں نے شہادتیں اقتصادی پیکجز یا پیسوں کے لئے نہیں دیں۔

یاسین ملک کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوسرے دن ہی معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ کشمیری بھارتی حکومت کا بدترین سلوک کبھی نہیں بھول سکتے۔ موجودہ صورت حال عالمی برادری اور نام نہاد بھارتی جمہوریت کو جھنجوڑ رہی ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہے، بھارت جو مرضی کر لے ہم اپنا حق حاصل کر کے رہیں گے۔

بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے آج  دورہ سری نگر کے موقع  پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال رہی جب کہ مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ کشمیری میڈیا کے مطابق مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ کرفیو لگا دیا گیا ہے جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی۔


متعلقہ خبریں