تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کسی بھی وقت توڑ سکتے ہیں، سعید غنی کا دعویٰ


اسلام آباد: سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم جس دن چاہئیں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کو توڑ لیں گے۔

سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے ہم نیوز کے پروگرام “صبح سے آگے” میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مانگے تانگے کی حکومت نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پورا زور لگا لیا لیکن ہمارا ایک بندہ نہیں توڑ سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مناسب وقت کے انتظار میں ہیں اور وقت آتے ہی پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو اپنے ساتھ شامل کر لیں گے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت مستحکم ہے۔ پیپلز پارٹی کو سندھ کے لوگوں نے بھاری مینڈیٹ دیا ہے جبکہ سندھ میں ہونے والی ضمنی اور کنٹونمنٹ کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو بدترین شکست ہو چکی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جب سے لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے پی ٹی آئی کے وزرا کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں اور انتہائی پریشان ہیں۔ پی ٹی آئی کا 26 فروری کو گھوٹکی سے کراچی کی طرف مارچ کرنے کی کوئی منطق نہیں ہے اور سوائے پریشانی کے کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی زیدی منجھے ہوئے سیاستدان ہیں لیکن پارٹی کے اپنے لوگ انہیں اہمیت نہیں دیتے تو ہم کیا اہمیت دیں۔ وہ گھوٹکی سے خوشی سے نکلیں لیکن ان کے ساتھ 500 سے زائد افراد نہیں ہوں گے جبکہ بلاول بھٹو جب اسلام آباد کے لیے نکلیں گے تو لاکھوں کا مجمع ان کے ہمراہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی ترقی کی خاطر حکومتی پالیسیوں کے عملدرآمد میں ساتھ دیں گے، آرمی چیف

صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا بجلی مہنگی ہو، ڈالر کی قیمت بڑھے، مہنگائی بڑھے تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے اور اس وقت پاکستان میں ہر چیز کی قیمتیں آسمان پر جا رہی ہیں۔ اس طرح تو یہ چور نہیں بلکہ ڈاکوؤں کے سردار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اے ٹی ایم بین الاقوامی جگادری ہیں اور جب ان کے کرپشن کے فسانے کھلیں گے تو لوگ دنیا کے بڑے بڑے کرپٹ لوگوں کو بھول جائیں گے۔


متعلقہ خبریں