کشن گنگا ڈیم کا تنازعہ، پاکستانی وفد واشنگٹن روانہ


اسلام آباد: مقبوضہ کشمیرمیں زیرتعمیر کشن گنگا ڈیم پر بات چیت کے لیے پاکستانی وفد واشنگٹن روانہ ہوگیا ہے۔

وفد کی قیادت دفتر خارجہ میں ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر محمد فیصل کر رہے ہیں۔ وفد ورلڈ بینک حکام کو بھارتی منصوبے پر پاکستان کے اعتراضات سے آگاہ کرے گا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو کشن گنگا پن بجلی منصوبے کے افتتاح پر تشویش ہے۔ تنازعہ حل کیے بغیر کشن گنگا ڈیم کا افتتاح سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ عالمی بینک کے زیر اہتمام  دوطرفہ ثالثی کے کئی مرحلوں کے باوجود بھارت نے اس کی تعمیر جاری رکھی۔  بھارت کی جانب سے ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ معاہدہ کے لیے ایک خطرہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق معاہدے کے محافظ کی حثیت سے عالمی بینک کو بھارت پر زور دینا چاہیے کہ وہ کشن گنگا پن بجلی منصوبے کے بارے میں پاکستان کے تحفظات  دور کرے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کشن گنگا ڈیم کا افتتاح کرنے کیلئے آج سرینگر کا دورہ کیا اس موقع پرمقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منایا گیا اور مکمل ہڑتال کی گئی۔

پاکستان نے عالمی عدالت میں کشن گنگا ڈیم کا کیس بھی جیت لیا ہے، پاکستان نے عالمی ثالثی عدالت میں ڈیم کے ڈیزائن پر اعتراض کیا تھا جسے تسلیم کرتے ہوئے عدالت نے ڈیزائن تبدیل کرنے کا حکم دیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں