منگل کو نگراں وزیراعظم کےنام کا اعلان ہوگا، مریم اورنگزیب


لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے منگل کو نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔

لاہور میں افطار پارٹی کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات وقت پر ہوتے نظر آرہے ہیں اور یہ جمہوری نظام کی بڑی کامیابی ہو گی۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ جب مسلم لیگ ن نے حکومت سنبھالی تو ہر شعبے کا برا حال تھا، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، دہشت گردی کا عفریت ہر جگہ پھیلا ہوا تھا، معیشت تباہ تھی اور ملک میں بجلی کا بحران تھا۔ حکومت نے تمام چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ نواز شریف نے سی پیک منصوبے کا آغاز کیا اور ترقی کی نئی راہیں کھولیں۔

اانہوں نے کہا کہ نواز شریف کے حالیہ انٹرویو پر مسلم لیگ ن میں اختلاف رائے موجود ہے تاہم سب کو ان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا ) کو مکمل بااختیار ادارہ بنایا جس سے بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’ ووٹ کو عزت دو ‘‘ پوری پارٹی کا نعرہ ہے اور اسی نعرے پر انتخابات میں جائیں گے۔ چند لوگوں کے جانے سے سیاسی جماعتوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔


متعلقہ خبریں