غائب اہم دستاویزات ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر سے برآمد


واشنگٹن: وائٹ ہاؤس سے غائب ہونے والی اہم فائلز سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر سے برآمد ہو گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس سے غائب ہونے والے شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن سے منسوب ’’محبت نامے‘‘ سمیت اہم خطوط اور دستاویزات سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے زیر استعمال عمارت سے برآمد ہوئیں۔

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس سے رخصت ہوتے ہوئے اپنے ہمراہ کئی اہم سرکاری خطوط اور دستاویزات بھی ساتھ لے گئے تھے جو قانونی طور پر نیشنل آرکائیوز میں محفوظ کیے جانے تھے۔

خطوط میں شمالی کوریا کے حکمراں سے ہونے والی خط و کتابت بھی شامل ہے جسے ڈونلڈ ٹرمپ ’محبت نامے‘ کہا کرتے تھے۔ اسی طرح باراک اوباما کو لکھے گئے خطوط بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی نجی لگژری پراپرٹی سے ملے ہیں۔

امریکہ کے ادارے نیشنل آرکائیوز کے ملازمین جنوری میں ڈبوں میں بند ایسی بہت سی دستاویزات ڈونلڈ ٹرمپ کی لگژری پراپرٹی سے واپس لائے ہیں اور اب یہ نینشل آرکائیوز کا حصہ بنیں گی۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیروں کا کہنا ہے کہ 75 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ سرکاری خطوط اور دستاویزات بری نیت سے نہیں لے کر گئے تھے۔


متعلقہ خبریں