ملک میں فائیو جی سروسز کا آغاز جنوری 2023 تک ہو گا، امین الحق


وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا ہے کہ کوشش ہے کہ فائیو جی سروسز کا آغاز دسمبر 2022 یا جنوری 2023 تک کردیا جائے، ابتدائی طور پر ملک کے 5 بڑے شہروں میں فائیو جی سروسز کی ابتداٗ کی جائے گی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ  ٹیلی کام سیکٹرز کیلئے اصلاحات و مراعات کے معائنے کے بعد اس کو حتمی شکل دی جائے گی، کمیٹی کنسلٹنٹ کی تجاویز کی روشنی میں فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کے طریقہ کار کی منظوری بھی دے گی۔

انہوں نے کہا کہ فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی میں ٹیلی کام سیکٹرز کے تحفظات کو مد نظر رکھتے ہوئے اسے قابل عمل بنایا جائے گا،ڈیجیٹیل پاکستان ویژن کے تحت فائیو جی ایکو سسٹم کا قیام عوام اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے اہم ہے۔

پاکستان 23-2022 تک فائیو جی سروس حاصل کر لے گا، رپورٹ

ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام سیکٹرز پر اضافی ٹیکسز کے نفاذ سے کچھ مشکلات پیدا ہوئی ہیں، اصولی طور پر ٹیلی کام سیکٹرز کو جتنی مراعات دی جائیں، ملک کو اتنا زیادہ ریونیو حاصل ہوتا ہے۔

دوسری جانب وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے فائیو جی نیلامی کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں ایڈوائزری کمیٹی 13 ارکان پر مشتمل ہو گی۔ ارکان میں وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز و دیگر شامل ہیں۔

کمیٹی عالمی معیار کے مطابق پاکستان میں دستیاب اور استعمال ہونے والے اسپیکٹرم کا جائزہ لے گی۔


متعلقہ خبریں