اب مزدور اور کسان کارڈ بھی دیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب


راولپنڈی: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اب مزدور اور کسان کارڈ بھی دیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، راجہ بشارت، فیاض الحسن چوہان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

وزرا اور ارکان اسمبلی نے اجلاس میں عوامی فلاحی منصوبوں سے متعلق سفارشات پیش کیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب نے 54 فیصد ترقیاتی فنڈ استعمال کر کے باقی صوبوں کی نسبت ریکارڈ قائم کیا اور اب پیچھے نہیں رہیں گے۔ اگلے سال پھر ریکارڈ ترقیاتی بجٹ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے عوامی نمائندوں نے ہمیشہ غیر مشروط حمایت سے نوازا ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات میں اچھے اور قابل اعتماد لوگوں کو سامنے لائیں گے۔ لوکل گورنمنٹ کے امیدواروں کا فیصلہ بورڈ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: شہزاد اکبر نے وزیراعظم کے سامنے ہاتھ جوڑے، یہ کیسز نہیں بنتے، مریم اورنگزیب

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر ضلع کا ایک ایک میگا پراجیکٹ یاد ہے اور خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ پنجاب میں 23 نئے اسپتال اور 158 کی اپ گریڈیشن کی گئی۔ 12 نئی یونیورسٹیوں کا چارٹر فائنل ہو چکا ہے اور جلد منظوری کے لیے پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 5 نئے ڈیم بنا رہے ہیں اور گنجائش بنے ہوئے 58 ڈیموں سے بھی زیادہ ہو گی۔ مری میں روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے جبکہ سیف سٹی پراجیکٹ بھی دیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہر طبقہ فکر کا احساس ہے۔ اس لیے اب مزدور کارڈ اور کسان کارڈ بھی دیں گے۔


متعلقہ خبریں