ڈپٹی اسپیکر کو جوتا دکھانے پر سندھ اسمبلی میں ہنگامہ

فوٹو: فائل


کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران حزب اختلاف سے تعلق رکھنے والی رکن اسمبلی نصرت سحرعباسی نے ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کو جوتا دکھا دیا جس پر ڈپٹی اسپیکر نے انہیں ایوان سے نکالنے کے احکامات جاری کردیے۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا تو اراکین نے بجٹ پر بحث کی بجائے ایک دوسرے کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ اجلاس کے دوران پیپلزپارٹی کے ممتازجاکھرانی نے اپوزیشن رکن نصرت سحر عباسی کو تنقید کا نشانہ بنایا تو وہ مشتعل ہوگئیں اوراپنی نشست پر کھڑے ہوکر احتجاج کرنے لگیں جس کے بعد ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔

شہلا رضا نے انہیں احتجاج کرنے سے روکا تو نصرت سحرعباسی نے ڈپٹی اسپیکر کو اپنا جوتا دکھا دیا۔ اس دوران اپوزیشن اراکین اپنی ساتھی رکن کا غصہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

شہلا رضا نے نصرت سحرعباسی کو ایوان سے باہر نکالنے کے احکامات جاری کیے لیکن وہ اپنی نشست پر برا جمان رہیں۔

اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے دوران ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے تقریر کرنا چاہی تو ڈپٹی اسپیکر نے اُنہیں بھی کھری کھری سُنا دیں۔


متعلقہ خبریں