وفاقی کابینہ نے فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کی منظوری دے دی


اسلام آباد: پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے فاٹا اصلاحات کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں شامل کرنے کے حوالے سے آئینی ترمیم منظور کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں سال اکتوبرمیں فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے جبکہ اپریل 2019 میں فاٹا میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کرائے جائیں گے۔

کابینہ کے فیصلوں کے مطابق فاٹا میں رائج فرنٹیئر کرائمز ریگولیشن (ایف سی آر) کو صدارتی حکم کے ذریعے منسوخ کیا جائے گا۔

12 مئی کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے حکم پر فاٹا میں ایجنسی ڈویلپمنٹ فنڈ ختم کر دیا گیا تھا اور راہداری ٹیکس کے لئے قائم چیک پوسٹیں فوری ہٹانے کا حکم دیا گیا تھا۔

تحریک انصاف فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کا مطالبہ کرتی آئی ہے جبکہ حکومتی حلیف مولانا فضل الرحمان اور محمود اچکزئی اس کے مخالف تھے جس کی وجہ سے یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہوتا رہا۔


متعلقہ خبریں