پاکستان پولیو کے خاتمے کے لیے مکمل پرعزم ہے، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کے لیے مکمل پرعزم ہے۔

وزیر اعظم عمران خان سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے ملاقات کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کے لیے مکمل پرعزم ہے اور عالمی برادری 4 کروڑ افغان عوام کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے کردار ادا کرے جبکہ پاکستان افغان عوام کی بنیادی سہولتوں کی خاطر بھرپور مدد کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پولیو کے خلاف چوکس رہنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے پولیو کے خاتمے میں تعاون اور شراکت داری پر بل گیٹس کا شکریہ ادا کیا۔

بل گیٹس نے پولیو سے نمٹنے کے لیے پاکستانی قیادت اور ہیلتھ ورکرز کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کا عزم متاثر کن ہے اور پاکستان نے کورونا وبا کے باوجود پولیو ویکسین کا عمل جاری رکھا۔ کورونا پر قابو پانے کے لیے پاکستان کے اقدامات حیرت انگیز رہے۔

یہ بھی پڑھیں: بل گیٹس کو ہلال پاکستان کے اعزاز سے نواز دیا گیا

اعلامیہ کے مطابق پولیو مہم کے دوران جاں بحق ہونے والے 36 ورکرز اور 14 اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ٹاسک فورس کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ پاکستان میں پولیو کے زیرو واقعات کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔ خیبر پختونخوا اور صوبہ بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں نمونوں میں وائرس کا پتہ چلا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ قومی سطح پر پولیو مہم دسمبر 2021 اور جنوری 2022 میں شروع کی گئی جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی موجود ہے۔

اعلامیہ کے مطابق صوبائی حکومتوں نے اجلاس کو پولیو مہم کے لیے مختص وسائل سے آگاہ کیا اور پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے مکمل عزم کا اظہار کیا گیا۔


متعلقہ خبریں