شہباز شریف شیر بنیں اور عدالت کا وقت ضائع نہ کریں، فرخ حبیب


اسلام آباد: وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف شیر بنیں اور عدالت کا وقت ضائع نہ کریں۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ التوا جیسے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے اور شہباز شریف آج پھر عدالت سے تاریخ مانگ رہے تھے۔ ملازمین کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے کی منتقلی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ہمت کریں اور حقائق سامنے لا کر تاریخ نہ مانگیں اور اگر شہباز شریف کے خلاف کیس جھوٹا ہے تو پھر التوا کس بات کا؟ شہباز شریف کے اشتہاری بیٹے لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکی، شہباز شریف

فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف عدالتوں سے تاریخیں مانگ رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ چالان کی کاپی نہیں پڑھی جا رہی ہے۔ شہباز شریف کہتے ہیں میں نے چوری نہیں کی تو پھر فرد جرم عائد ہونے دیں۔ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 4 ارب روپے آئے اور اسی طرح دیگر 14 ملازمین ہیں جن کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے منتقل ہوئے اور یہ منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے آج مارچ کی تاریخ مانگنے کی کوشش کی لیکن اگر وہ چوری میں ملوث نہیں ہیں تو ہمت کریں اور روزانہ سماعت کرنے کی عدالت کو درخواست دیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ کیس کو التوا کرنے کے لیے آج 6 درخواستیں عدالت میں دائر کی گئیں۔ شہباز شریف شیر بنیں اور عدالت کا وقت ضائع نہ کریں۔ شہباز شریف کو اس بار کسی قسم کا راہ فرار نہیں ملے گا۔


متعلقہ خبریں