پی ایس ایل7: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

پی ایس ایل7: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دیدی

لاہور: پاکستان سپر لیگ 7 (پی ایس ایل) کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 23 رنز سے شکست دے دی۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کراچی کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے جس میں اوپنر جیسن رائے نے 64 گیندوں پر 82 رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ کی جانب سے وِل سمیڈ نے 10، جیمز ونس نے 29 رنز بنائے جب کہ مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے 2، افتخار احمد نے 21 اور حسن خان نے 3 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی ٹیم میں لیگ سے دستبردار ہونے والے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کی جگہ پاکستان کے انڈر 19 پلیئر محمد شہزاد کو شامل کیا تھا۔

کراچی کی جانب سے عماد وسیم، میر حمزہ، عثمان شنواری اور لیوس گریگری نے ایک / ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کی جانب سے 167 رنزکے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنزبناسکی۔ کراچی کنگز کی جانب سے جوکلارک 52 رنزبنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ بابراعظم نے 36 اور شرجیل خان نے 16 رنزبنائے۔ کراچی کی جانب سےعماد وسیم نے 11 اور قاسم اکرم نے 9 رنزبنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے 22 رنزدے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نسیم شاہ 2، محمد عرفان اورعاشر قریشی نے بھی ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گروپ میں اپنا آخری میچ کھیل رہے تھے۔

کراچی کنگز نے آج اپنا آخری لیگ میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جہاں کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

اہم ترین میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی تھیں جب کہ کراچی کنگز نے 2 تبدیلیاں کی تھیں۔ ٹیم میں کرس جارڈن اور محمد نبی کی جگہ عمید آصف اور لیمن بے ٹیم میں شامل کیے گئے تھے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے کہا تھا کہ میچ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کوشش کریں گے کہ بڑے مارجن سے میچ جیتیں۔

کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ لاہور کے خلاف میچ میں فتح کے بعد مورال بلند ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ایونٹ کا اختتام فتح کے ساتھ کریں گے۔


متعلقہ خبریں