پی ٹی آئی نے اپنی حکومت کا 100 روزہ ایجنڈا پیش کردیا

پی ٹی آئی نے اپنی حکومت کا 100 روزہ ایجنڈا پیش کردیا | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے چھ نکات پر مشتمل 100 روزہ حکومتی ایجنڈا پیش کردیا۔

پی ٹی آئی کے پہلے 100 روزہ ایجنڈے میں طرز حکمرانی کی تبدیلی، وفاق کی مضبوطی، معیشت کی بحالی، زراعی ترقی اور پانی کا تحفظ، سماجی شعبے میں انقلابی اقدام اور ملکی سلامتی کو یقینی بنانا شامل ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی جانب سے منعقد کی گئی خصوصی تقریب میں ایجنڈا پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف وفاقی سوچ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد  پی ٹی آئی کراچی میں امن و امان کی صورت حال مزید بہتر کرے گی، کراچی میں کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ فاٹا کا احساس عمران خان سے زیادہ کسی کو نہیں ہماری حکومت میں فاٹا کے لوگوں کو کے پی اسمبلی میں سیٹیں دی جائیں گی اور ایف سی آر کا قانون فی الفور ختم کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وقت آگیا ہے جنوبی پنجاب کا احساس محرومی دور کیا جائے۔ جنوبی پنجاب کا رقبہ خیبرپختونخوا سے بھی بڑا ہے۔ تحریک انصاف حکومت میں آنے کے بعد جنوبی پنجاب کو نیا صوبہ بنائے گی۔

بلوچستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ساتھ وعدے تو بہت ہوتے ہیں لیکن پورے نہیں ہوتے ہم بلوچستان والوں کے زخموں پر مرہم لگائیں گے۔


متعلقہ خبریں