پانچ سال میں ایک کروڑ نوکریاں پیدا کریں گے،اسد عمر کا دعویٰ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمرنے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ ان کی پارٹی حکومت میں آنے کے بعد پانچ سال میں ایک کروڑ نئی نوکریاں پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت میں آنے بعد چھوٹی صنعتوں کوپیروں پرکھڑا کرکے نوکریاں پیدا کرے گی۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد ٹیکس کا جائز حصہ نہ دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے اور عام عوام پر ٹیکس کا بوجھ کم کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی بجلی اور گیس کی قیمتوں کوکم کرے گی۔ ’وزیراعظم اپنا گھر‘ اسکیم شروع ہوگی جس کے تحت 50 لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔

اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اس وقت قرض کی دلدل میں پھنس چکا ہے اورچھوٹی صنعت ٹیکس کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیداواری سیکٹرمیں ٹیکس کا بوجھ کم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور گیس کے باعث ہمارے صنعت کار عالمی منڈی میں مقابلہ نہیں کرپاتے ہیں۔ ایم این اے اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز دو سال سے بند پڑی ہے لیکن ہم حکومت میں آنے کے بعد اسٹیل ملز اور پی آئی اے کو ٹھیک کرکے دکھائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ادارے ’سرکاری بابوؤں‘ کے ہاتھ میں رہ کر ٹھیک نہیں چل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں سے سیاسی افراد کو نکال کر کاروباری مائنڈ سیٹ لائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف ماحولیات سے متعلق پالیسی پر کام کررہی ہے، اقتدار میں آنے کے بعد ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے کام کریں گے جس سے بے روزگاری میں کمی آئے گی۔

پی ٹی آئی رہنما جہانگیرترین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار ملنے کے بعد زراعت میں اصلاحات کے لیے ایمرجنسی نافذ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کے بغیر زراعت کا شعبہ ترقی نہیں کرسکتا ہے۔

جہانگیرترین نے کہا کہ ہماری زمینیں ڈی گریڈ ہوگئی ہیں ہم اس وقت دنیا سے40 سال پیچھے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت میں آنے کے بعد 40 سال کا فاصلہ ایک سال میں پورا کرے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی کا 100 روزہ ایجنڈا پیش کیا جس کے مطابق پہلے 100 دنوں میں طرز حکمرانی کی تبدیلی، وفاق کی مضبوطی، معیشت کا استحکام، زراعت اور پانی کا تحفظ، سماجی شعبے میں انقلابی اقدام اور ملکی سلامتی کو یقینی بنانا پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہوگا۔


متعلقہ خبریں