سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی نماز جنازہ ادا


اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

رحمان ملک کے نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک گزشتہ روز 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔

ترجمان کے مطابق رحمان ملک کے پھیپھڑے کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے، وہ اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے سوگواروں میں بیوہ اور دو بیٹوں کو چھوڑا ہے۔

رحمان ملک 2008 سے 2013 تک پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ رہے۔ انہیں 1987 میں ستارہ شجاعت اور 1996 میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔

رحمان ملک12 دسمبر 1951 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے، سیاست میں آنے کے بعد رحمان ملک 25 مارچ 2008 سے16 مارچ 2013 تک وزیر داخلہ رہے، جبکہ سیاست میں آنے سے قبل ایف آئی اے میں خدمات انجام دیتے رہے، انہوں نے بے نظیر بھٹو کے چیف سیکیورٹی آفیسر کے فرائض بھی نبھائے۔

سینیٹر رحمان ملک نے کراچی یونیورسٹی سے ایم ایس سی شماریات کی ڈگری حاصل کی، جبکہ کراچی یونیورسٹی نے انہیں پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری بھی دی، سینیٹر رحمان ملک 4 کتابوں کے مصنف بھی تھے، مودی وار ڈاکٹرائن سینیٹر رحمان ملک کی پہلی تصنیف تھی۔


متعلقہ خبریں