اسٹریٹ کرائمز پر صدر، وزیراعظم اور گورنر کا بیان کیوں نہیں آتا؟ ایم کیوایم پاکستان

اسٹریٹ کرائمز پر صدر، وزیراعظم اور گورنر کا بیان کیوں نہیں آتا؟ ایم کیو ایم پاکستان

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس دوبارہ شروع کیا جائے اور ساتھ ہی استفسار کیا ہے کہ اسٹریٹ کرائمز پر صدر مملکت، وزیراعظم اور گورنر کا بیان کیوں نہیں آتا ہے؟

کراچی: شہریوں کوڈکیتی سے بچانے کے دوران صحافی جاں بحق

ہم نیوز کے مطابق یہ بات ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل اور خواجہ اظہار الحسن نے آئی جی سندھ سے ملاقات کے بعد سینٹرل پولیس آفس کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

کنور نوید جمیل نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ڈیڑھ ماہ کے اندر 20 کے قریب لوگ ڈکیتی مزاحمت کے دوران جاں بحق ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ ملاقات کے دوران ہم نے سینئر صحافی ساتھی اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی انہیں بتایا کہ جرائم پر قابو نہیں پایا گیا تو عوام میں غصہ بڑھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی جی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی جائے گی۔

کنور نوید جمیل نے کہا کہ ریاست عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام نظر آتی ہے۔ انہوں نے عدلیہ سے درخواست کی کہ حکومت سندھ اور پولیس کی ناکامی کا نوٹس لیا جائے۔

کراچی پولیس اسٹریٹ کرائمز پر قابو پانے میں ناکام: ڈیڑھ ماہ میں 11 ہزار وارداتیں

ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے واضح کیا کہ اس ضمن میں ہائی کورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی جا چکی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ صحافی اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ اسٹریٹ کرائم پر صدر مملکت ، گورنر اور وزیراعظم کا بیان کیوں نہیں آتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کراچی کے لیے ہر ممکن جدوجہد کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنے کیلئے ٹارگیٹڈ آپریشن کرانے کا فیصلہ

ہم نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے مطالبہ کیا کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس دوبارہ شروع کیا جائے۔


متعلقہ خبریں