امریکا کا یوکرین کے لیے 600 ملین ڈالر کی فوری عسکری مدد کا اعلان


امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کے لیے 600 ملین ڈالر کی فوری عسکری امداد کے احکامات جاری کیے۔

صدر جوبائیڈن کی جانب سے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کو تحریر کردہ ایک مراسلے میں ساڑھے تین سو ملین ڈالر غیرملکی معاونتی قانون کے تحت یوکرینی دفاع کے لیے جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مزید ڈھائی سو ملین ڈالر یوکرائنی فوج کے لیے کسی قانونی نکتے سے ماورا فوری دفاعی امداد کی مد میں صرف کیے جائیں گے۔

دوسری جانب جرمنی اور نیدرلینڈ نے یوکرین کو ہتھیار بھجوانے کا اعلان کردیا ہے۔فرانس نے بھی وعدہ کیا ہے وہ یوکرین کو مزید فوجی مدد دے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس دفاعی ہتھیار اور ایندھن یوکرین بھجوائے گا۔فرانس ان کیخلاف ایکشن لے گا جو جنگ کے بارے میں غلط خبریں پھیلا رہے ہیں۔

صدر یورپی یونین کونسل کا کہنا ہے کہ  یونین کے 27ممبر ممالک یوکرین تک فوجی امداد پہنچانے کے لیے مدد کریں گے۔

واضح رہے کہ یوکرائن پر روسی حملے کے بعد امریکا سمیت مغربی دنیا کی جانب سے روس پر شدید پابندیاں  بھی عائد کی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں