اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے، بلاول بھٹو


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں عوامی مارچ کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عوامی مارچ حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے اور ہمارا یہ سفر قائد اعظم کے شہر کراچی سے شروع ہو رہا ہے۔ کراچی منی پاکستان ہے جہاں ہر صوبے اور ہر زبان کے بولنے والے بستے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ بڑی تعداد میں مزار قائد کے باہر جمع ہیں۔ نالائق نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے حق پر ڈاکہ مارا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ کٹھ پتلی کو جانا ہے۔ سلیکٹڈ نے آپ کے ووٹ اور جیب پر ڈاکہ مارا ہے جبکہ معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم قائد عوام اور شہید بینظیر کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے کے لیے نکلے ہیں اور ہم نہ صرف 1973 کے آئین کا تحفظ کریں گے بلکہ ہم ہر پاکستانی کے حقوق کا بھی تحفظ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوا ہے وہ پیپلز پارٹی دور میں ہوا ہے۔ عمران خان نے کہا تھا کہ کرپشن کا خاتمہ کر یں گے لیکن 3 سال میں عمران خان نے کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے۔ سلیکٹڈ حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہم بلاول بھٹو سے 15 سال کا حساب مانگنے آئے ہیں، وزیر خارجہ

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارا مارچ قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار سے شروع ہو رہا ہے۔ عمران خان نے ہر صوبے کے حقوق پر ڈاکے مارے ہیں جبکہ مراد علی شاہ اور حکومت سندھ کے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں لیکن سندھ حکومت کم وسائل کے باوجود عوام کی خدمت کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بھگائیں گے اورعوامی حکومت آئے گی۔ پھر سارے صوبوں کو ان کا حق ملے گا لیکن جب تک یہ کٹھ پتلی ہے ترقی نہیں ہو سکتی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم حکومت کے خلاف عدم اعتماد لے کر آئیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب ہم نکلیں گے تو بنی گالہ سے چیخیں نکلیں گی اور اسلام آباد پہنچ کر حکومت پر حملہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں