پرزہ آ گیا، بجلی نہ آئی، کراچی کے شہری بدستور عذاب میں


کراچی: بن قاسم پاور پلانٹ میں ہالینڈ سے منگوائے گئے پرزے کی تنصیب کے باوجود کراچی کے شہریوں کو لوڈ شیڈنگ سے نجات نہیں مل سکی۔

شہر قائد میں شدید گرمی اور رمضان المبارک میں بھی بجلی کی آنکجھ مچولی بدستور جاری ہے اور کے الیکٹرک کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔

کورنگی، کیماڑی، ناظم آباد، بفرزون، لانڈھی، ملیر، گلشن اقبال، گلستان جوہر، بلدیہ ٹاؤن، انچولی، کھارا در اور لیاقت آباد سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ بعض علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے باعث پانی کے حصول میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ایک طرف شہر کا درجہ حرارت 45 ڈگری سے تجاوز کرگیا ہے اور ہیٹ اسٹروک کا بھی خطرہ ہے لیکن کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا۔

دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ رمضان میں صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا جبکہ خراب ہونے والے پرزے کی تنصیب بھی بلا تاخیر کردی گئی ہے اور پلانٹ پر ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہر میں شیڈول کے مطابق لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ نقصانات والےعلاقوں میں بھی 17 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے، مقامی فالٹس کو لوڈ شیڈنگ سے تشبیہ نہ دی جائے۔

کچھ روز قبل کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ میں ایک اہم پرزے کی خرابی کے باعث شہر میں لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگیا تھا تاہم اس کی تنصیب کے بعد بھی اب تک بجلی کی اعلانیہ اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔


متعلقہ خبریں