سورج سوا نیزے پر، زمین تپتی رہی ، انسان جھلستے رہے

متعدد علاقوں میں شدید گرمی، کراچی کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا


اسلام آباد: سندھ میں سورج سوا نیزے پر پہنچ گیا، زمین تپتی رہی اور لوگ جھلستے رہے، اتوار کے روز کراچی سمیت سندھ بھر کے کئی اضلاع  شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے جس کے باعث شہری بلبلا  اٹھے اور انہوں نے چھٹی کا دن گھروں پر گزارنے کو ہی ترجیح دی، محکمہ موسمیات نے سندھ  کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کے بیشتر علاقے اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جن میں سندھ سرفہرست ہے، اتوار کو سب سے زیادہ گرمی ضلع تھرپارکر کے علاقے مٹھی میں پڑی جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، دوسرے نمبر پر کراچی اور سبی میں  درجہ حرارت 44 ڈگری جبکہ حیدرآباد کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہید  بے نظیر آباد اور سکھر میں درجہ حرارت 42، دادو اور گوادر 40، موہن جودڑو 43، منڈی بہاؤ الدین اوررحیم یارخان میں 40، سیالکوٹ اور پسنی میں 39، لاہور میں 40، اسلام آباد اور راولپنڈی میں 34، فیصل آباد 38، ملتان 36، پشاور 34 اور کوئٹہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شدید گرمی کی لہر مزید چند روز تک جاری رہے گی جبکہ منگل اور بدھ کو ہیٹ ویو میں شدت ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اور پنجاب کے میدانی علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔

ملک کے بالائی علاقوں میں چند ایک مقامات پر گرچ چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، کالام میں پانچ، دیر میں چار، میر کھانی میں تین، دروش میں دو، چترال، بالا کوٹ اور پشاور میں ایک ایک جبکہ آزاد کشمیر کے بعض علاقوں میں تین ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں