عمران خان 100 دن سے پہلے 90 دن والے پلان کا حساب دیں، امیر مقام


پشاور: ن لیگ کے صوبائی صدر امیرمقام کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بحیثیت وزیراعظم 100 دن کے پلان کی بات عجیب ہے، انہوں نے 90 دن کے جو وعدے کیے تھے ان میں سے کتنے پورے ہوئے اور کتنا احتساب ہوا۔  100 دن سے پہلے 90 دن والے پلان کا حساب دیں۔

نوشہرہ سے عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) کے رہنما سید زمان خٹک کی ن لیگ میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام (یو این ڈی پی)  نے خیبرپختونخوا کی کارکردگی عیاں کر دی  ہے، صوبے کے اسپتالوں اوراسکولوں کا وہی  پرانا حال ہے،  چار سال جنگلہ بس کو گالیاں دینے والے خود جنگلہ بس بنا رہے ہیں، عمران خان کو یو این ڈی پی کی رپورٹ پر جواب دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت نے تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لیا ہے، سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کے ایم پی ایز بکے، عمران خان اپنا احتساب نہیں کر رہے، شام کو بات کر کے صبح بھول جاتے ہیں، کبھی کہتے ہیں بجٹ پیش کریں گے کبھی انکار کر دیتے ہیں، آج  تک سمجھ  نہیں آئی کہ عمران خان کے پاس کون سا ایجنڈا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے تو خیبرپختونخوا کے عوام جواب دیں جن کے ساتھ  ہر سطح پر ظلم ہو رہا  ہے، وکٹیں گرانے سے کچھ نہیں ہوگا، عوام 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو مسترد کردیں گے۔

امیرمقام کا کہنا تھا کہ فاٹا اصلاحات ن لیگ کی بڑی کامیابی ہے، تاخیر ہوئی لیکن ہم نے جو کہا کر کے دکھایا، انشااللہ کل یا پرسوں فاٹا، پختونخوا میں ضم ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا میٹرو کا افتتاح کرر ہے ہیں، پہلے اسے مکمل تو کر لیں، مردان اور ایبٹ آباد میں خواتین کی چند بسیں چلانے سے کچھ نہیں ہوتا، پہلے سوات موٹر وے مکمل کریں پھر شوق سے افتتاح بھی کریں۔


متعلقہ خبریں