پشاور: نماز جمعہ کے دوران مسجد میں خود کش دھماکہ، 56 افراد شہید



پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کی جامع مسجد  میں نماز جمعہ کے دوران خود کش دھماکہ ہوا ہے جس میں 56 افراد شہید جبکہ 194 زخمی ہو گئے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کے مطابق  کوچہ رسالدار کی مسجد میں  خود کش حملہ آور نے داخل  ہو کر پولیس  اور نمازیوں پر فائرنگ کی اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور دھماکہ، وزیر اعظم عمران خان کی مذمت، رپورٹ طلب

آئی جی خیبر پختونخوا معظم جا انصاری نے میڈیا کو  بتایا کہ پولیس موقع پر موجود تھی، مسجد کے باہر 2 اہلکار سیکیورٹی پر تعینات تھے، حملہ آور نے پہلے فائرنگ کی جس سے ایک کانسٹیبل موقع پر شہید جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا جس کی حالت تشویشناک ہے۔

آئی جی خیبر پختون خوا کے مطابق پہلے پستول سے فائرنگ اور پھر خودکش حملہ کیا گیا، دھماکے میں 5سے 6 کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال ہوا۔

آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ دھماکے کے حوالے سے کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی،سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک دہشت گرد کو دیکھا گیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق خود کش حملہ آور نے منبر کے قریب خود کو اڑایا، مسجد میں ہر طرف انسانی اعضا پھیل گئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو پشاور کے مختلف اسپتالوں میں  منتقل کر دیا گیا ہے، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:غیر ملکی قوتیں پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتی ہیں، وزیر داخلہ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان  نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ  زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، انہوں نے  صوبائی کابینہ کے اراکین بیرسٹر محمد علی سیف اور کامران بنگش کو امدادی کارروائیوں اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے کاموں کی نگرانی کی بھی ہدایت دی۔

وزیر اعلی نے آئی جی خیبرپختونخوا  سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

 


متعلقہ خبریں