شارٹ فال ختم، پاور ڈویژن کا سحر و افطار میں بجلی کی مسلسل فراہمی کا دعویٰ


اسلام آباد: پاور ڈویژن نے اتوار کو ملک میں رات ساڑھے آٹھ  بجے تک بجلی کی طلب و رسد کی صورتحال کی رپورٹ جاری کردی ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک سے شارٹ فال ختم ہو گیا ہے، بجلی کی طلب 19 ہزار 295 میگاواٹ رہی جبکہ ملک میں کل دستیاب بجلی 20 ہزار میگاواٹ  ہے، سحر و افطار کے  وقت گھریلو صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق تمام  فیڈرز پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری ہے جبکہ تسلسل سے چلنے والی صنعتوں کو بھی بجلی فراہم کی جاری ہے اسی طرح  پرائم ٹیکسٹائل صنعتوں کو بھی بجلی کی فراہمی بدستور جاری ہے۔

پاور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق ملک میں بجلی کی رسد طلب سے زیادہ ہے اور اتوار کو ملک کے کسی حصے میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی گئی ہے، ملک میں یکم  سے چار رمضان تک طلب سے زیادہ بجلی موجود رہی اور تمام گھریلو صارفین کو افطار سے سحری تک بلاتعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

صنعتوں کو افطاری سے سحری تک دس گھنٹوں تک بند رکھنے کا شیڈول جاری ہوا تھا لیکن صنعتوں کو اب 24 گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے تاہم اگر گھریلو صارفین کی طلب میں اضافہ ہوا تو صنعتوں کو افطاری سے سحری کے دوران شیڈول کے مطابق بند رکھا جائے گا۔


متعلقہ خبریں