استعفیٰ دو یا اسمبلیاں توڑ دو، بلاول بھٹو زرداری


اوکاڑہ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان عوام کا نہیں کسی اور کا نمائندہ ہے۔ کٹھ پتلی وزیر اعظم استعفیٰ دو یا اسمبلیاں توڑ دو۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اوکاڑہ پہنچنے کے بعد عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مارچ بے روزگاری، مہنگائی اور غربت کے خلاف ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے زراعت کے شعبے کے لیے کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے آج کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے۔ پیپلز پارٹی نے این ایف سی کے تحت صوبوں کو اپنا حق دلوایا اور پاکستان کی عوام نے ہر مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام نے ثابت کر دیا کل بھی بھٹو زندہ تھا آج بھی بھٹو زندہ ہے۔ پیپلز پارٹی نے ملک میں 73 کے آئین کو بحال کرایا جبکہ آج پیپلز پارٹی سلیکٹڈ اور نااہل وزیراعظم کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بڑے منصوبے آصف علی زرداری کی وجہ سے سی پیک کے تحت بنے لیکن سلیکٹڈ ہر کام میں صرف یوٹرن لیتا ہے۔ آج کسان مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہا ہے اور یہ آج جتنی بھی کوشش کر لیں بےنظیر کا نام عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے۔ بے نظیر نے شہادت قبول کی لیکن اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں۔

یہ بھی پڑھیں: عدم اعتماد حزب اختلاف کا وہ بچہ ہے جو کہیں کھو گیا ہے، فواد چودھری

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موجودہ وزیر اعظم لیڈر نہیں بلکہ ایک کٹھ پتلی ہے اور سب نے کھلاڑی کو کرسی پر بٹھا کر دیکھ لیا کہ ملک اور معیشت کے تحفظ کے لیے قائد کی ضرورت ہے کھلاڑی کی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں سب سے زیادہ یوٹرن عمران خان نے لیے اور عوام پر مسلط وزیر اعظم نے جھوٹ بولا۔ پیپلز پارٹی کبھی لڑائی سے نہیں بھاگتی اور پیپلز پارٹی نے مشکل حالات میں کبھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔ کہا گیا سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لیں لیکن ہم نے کٹھ پتلی کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم سے کہتے ہیں آپ کے پاس 3 دن ہیں خود مستعفی ہوجاؤ۔ سلیکٹڈ وزیر اعظم اسمبلیاں توڑو اور میدان میں ہمارا مقابلہ کرو۔ سینیٹ انتخابات میں کٹھ پتلی کو زبردست شکست ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عوام کا نہیں کسی اور کا نمائندہ ہے اور اگر عوام ہمارے ساتھ ہیں تو اسلام آباد دور نہیں۔ کٹھ پتلی وزیر اعظم کو کہتے ہیں تمہارے پاس صرف 3 روز باقی ہیں۔ استعفیٰ دو یا اسمبلیاں توڑ دو۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جمہوری حملہ کر کے کٹھ پتلی حکومت کو گرائیں گے۔


متعلقہ خبریں