پاکستان میں کینسر کے علاج کے لیے سہولتیں ناکافی ہیں، وزیر اعظم


کراچی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کینسر جیسے موذی مرض کے علاج اور خاتمے کے لیے کارپوریٹ اداروں کو منظم  سماجی ذمہ داری کے اصول کے تحت اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

کراچی میں کینسر کیئر اسپتال کے لیے فنڈز جمع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ  کراچی کینسر کیئراسپتال پاکستان میں پیلی ایٹو کیئر کا پہلا ادارہ ہے جو رواں سال کام  شروع  کرے گا۔

وزیراعظم نے کینسر کیئراسپتال کے لیے دس کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کیا اور کہا کہ چیریٹی ادارہ ہونے کے باوجود یہ جدید ترین سہولتوں سے آراستہ  ہو گا  اور معیاری سہولتیں  فراہم کرے گا۔  کینسر کے مفت علاج  کے لئے بنائے گئے اس اسپتال میں کسی مریض کو انکار نہیں کیا جائے گا، اسپتال کا قیام ایک بڑا چیلنج ہے اور ہم سب  کا  فرض ہے کہ جتنی مدد کر سکتے ہیں کریں۔

انہوں نے کہا کہ  ڈاکٹر شہریار سے مل کر خوشی ہوئی جنہوں نے ایک ایسا کام شروع کیا ہے جس کی پاکستان میں ضرورت ہے، ڈاکٹر شہریار نے جو بریفنگ دی اور جو اعداد وشمار دیے اس کے مطابق کینسر ایک ایسا مرض ہے جو پاکستان میں تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اس کے علاج کے لئے سہولتیں ناکافی ہیں، اس بیماری کے علاج کے لئے انہوں نے خود ذمہ داری لی ہے اپنا کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں