ہمارے چھوٹے چھوٹے مسائل حل نہیں ہوئے، میٹرو کی کیا بات کریں، عبدالقدوس بزنجو


کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ نوازشریف نے بلوچستان میں میٹرو بس کیوں نہیں بنائی؟ ہم میٹروکی کیا بات کریں ہمارے تو چھوٹے چھوٹے مسائل حل نہیں ہوئے۔

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں بارش برسانے والا سسٹم لا رہے ہیں اور جلد گوادرکے قریب دو ڈیموں پرمصنوعی بارش کا ٹیسٹ بھی کریں گے، شہرمیں پانی کے لیے چین اورایف ڈبلیو او کے ساتھ  مفاہمتی  یاد داشت (ایم او یو) پر دستخط  کیے ہیں جبکہ چینی کمپنی کے ساتھ  صاف پانی کی فراہمی کا معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے بتایا کہ ریسکیو 1122  کے لیے 20 کروڑ روپے، پانی کی زیرزمین سطح بلند کرنے کے لیے  ایک  ارب روپے اور نیشنل پروٹیکشن پلان کے لیے 17 ارب روپے  رکھے گئے ہیں۔

عبدالقدوس بزنجو نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کو رقبے کے لحاظ  سے قومی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے۔

رکن اسمبلی یاسمین لہڑی نے کہا کہ وسائل کے باوجود  صوبے کےعوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، بجٹ لفظوں کا گورکھ دھندا ہے اس لیے عام آدمی کو اس کی سمجھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بچوں اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے معمولی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ سینڈک اور ریکوڈک بلوچستان میں موجود ہونے کے باوجود صوبہ اس سے مستفید نہیں ہو رہا۔


متعلقہ خبریں