سرفراز احمد اور عامر انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب ہوں گے، اظہر علی


لیسٹر: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان  صلاح الدین کا کہنا ہے کہ پہلی بار پاکستان کے لیے کھیلنے پرخوشی ہے۔

لیسٹرشائر کے خلاف دو روزہ میچ  ڈرا ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صلاح الدین کا کہنا تھا کہ پریکٹس میچ میں 100 فیصد کارکردگی دکھائی ہے، برطانیہ کے خلاف کھیلنا ٹیم منیجمنٹ کا فیصلہ ہو گا۔

عثمان  صلاح الدین کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ انگلینڈ کے پاس اچھی سائیڈ ہے اور ہماری ٹیم بھی نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن توقع ہے کہ اچھا میچ  دیکھنے کو ملے گا، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ ہماری بھرپور حوصلہ افزائی  کررہی  ہے اور ساری ٹیم نیٹ پریکٹس کر رہی ہے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ بطور سینئر کھلاڑی ٹیم کی کارکردگی میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہوں، کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بالر محمد عامر کی غیر موجودگی کی وجہ بتاتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد خیریت سے ہیں، صرف آرام کی غرض سے باہر گئے تھے اور ہمیں یقین ہے کہ سرفراز دوران سریز ان فٹ نہیں ہوں گے۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ  عامر بھی خیریت سے ہیں، دو دن سے فاسٹ باؤلر کا ری ہیب پروگرام چل رہا ہے، آئرلینڈ کے خلاف میچ میں محمد عامر نے انجری کے باوجود اچھی باؤلنگ کی۔

پاکستان اورلیسٹر شائر کے مابین کھیلا جانے والا پریکٹس میچ  بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز رواں ماہ شروع ہو گی، سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 24 مئی سے لارڈز میں جبکہ دوسرا میچ یکم سے پانچ جون تک ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں