شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی سماعت آج ہوگی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز (لندن فلیٹس) ریفرنس کیس کی سماعت آج ہوگی۔ سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کریں گے۔

احتساب عدالت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر پیش ہوں گے۔ ریفرنس کیس میں نامزد ملزمان کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔

احتساب عدالت ملزمان کے بیانات قلمبند کرنے کےلیے سوالنامے کی کاپیاں پہلے ہی ملزمان کے وکلا کو دے چکی ہے۔ عدالتی سوالنامہ 127 سوالات پر مشتمل ہے۔

گزشتہ سماعت پر خواجہ حارث کے معاون وکیل سعد ہاشمی نے نوازشریف کے لیے  سوالنامہ  وصول کیا تھا۔ امجد پرویز کے معاون نسیم ثقلین نے مریم نوازاور کیپٹن(ر) صفدر کے لیے سوالنامے کی کاپیاں لی تھیں۔

پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے تھے۔

لندن فلیٹس ریفرنس میں  سابق وزیر اعظم نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ملزمان ٹھہرایا گیا تھا۔ العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے بیٹوں حسن نواز و حسین نواز نامزد ملزمان ہیں۔

حسن نواز اور حسین نواز کو عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے مفرور قرار دیا جا چکا ہے۔ عدالت نے ان کے مقدمات علیحدہ کر دیے تھے۔


متعلقہ خبریں