یوکرین: ایک اور امریکی صحافی ہلاک، برطانوی صحافی زخمی

یوکرین: ایک اور امریکی صحافی ہلاک، برطانوی صحافی زخمی

کیف: یوکرین جنگ کی کوریج کرنے والے امریکی صحافی پیئرز کرزیوسکی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ ان کے ساتھی برطانوی صحافی بینجمن ہال شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

یوکرین میں ایک امریکی صحافی قتل دوسرا زخمی

ہم نیوز نے مؤقر امریکی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز اور برطانوی خبر رساں ادارے گارجین کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے صحافی کا تعلق فاکس نیوز سے تھا جہاں وہ بحیثیت کیمرہ مین فرائض سرانجام دیتے تھے۔

واضح رہے کہ دو دن قبل ہی یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ایک امریکی صحافی کو چیک پوسٹ کراس کرتے ہوئے گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا جب کہ اس کا دوسرا ساتھی زخمی تھا جو علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز نے اس سلسلے میں بتایا تھا کہ کیف کے مضافات میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جہاں امریکی صحافی برینٹ ریناڈ کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ گولی گردن میں لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی تھی۔

آج کے واقعے پر فاکس نیوز کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ پیئر زکرز یوسکی دارالحکومت کیف کے قریب فائرنگ کی زد میں آگئے تھے۔ ویڈیو کے تحت پیئر زکرزیوسکی کے ساتھ زخمی ہونے والے صحافی بینجمن ہال کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جو جیتا یوکرین اس کا، ایلون مسک کا پیوٹن کو چیلنج

ایک اور عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی افواج کے محاصرے میں موجود یوکرینی شہر ماریوپول کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تقریباً دو ہزار شہریوں کی گاڑیاں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر قائم روٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئی ہیں جب کہ مزید دو ہزار گاڑیاں نکلنے کی منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ روسی افواج کی جانب سے کیے جانے والے محاصرے کے بعد یہ پہلا کامیاب انسانی انخلا ہے۔

یوکرین کے دارالحکومت کیف کے میئر نے تسلسل کے ساتھ ہونے والی روسی بمباری کے باعث شہر میں 36 گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کردیا ہے۔

اعداد و شمار کے حوالے سے عالمی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ شدید بمباری کی وجہ سے شہر کے تقریباً چار لاکھ افراد کے پاس نہ پینے کا صاف پانی ہے اور نہ ہی حرارت کا مناسب بندوبست ہے۔ شہریوں کو خوراک کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

یوکرین کے دارالحکومت کیف پر مسلسل روسی بمباری: حکام نے کرفیو نافذ کردیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق شہری حکام کا کہنا ہے کہ روسی حملے کے بعد سے اب تک کل 21 سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں