حجاب پر پابندی کا فیصلہ، بھارتی شہروں میں دفعہ 144 نافذ


بھارت میں مسلمان خواتین اپنی آزادی اور روایات کی جنگ لڑ رہی ہیں، کرناٹک کے شہر بنگلورو اور اڈوپی سمیت کئی اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

دفعہ کرناٹک ہائی کورٹ کے مسلم طالبات پر حجاب کی پابندی برقرار رکھنے کے فیصلے کے بعد لگائی گئی، جس کے بعد شہروں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا۔

انتظامیہ کے مطابق حجاب کیس میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر کرناٹک میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔

کئی اضلاع میں سکولوں کو بھی بند کرنے کے آرڈرز دئیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: حجاب اسلام کا لازمی جزنہیں: بھارتی ہائیکورٹ نے مسلم طالبات کی اپیلیں خارج کردیں

یاد رہے گزشتہ روز بھارت میں حجاب تنازعہ میں کرناٹک ہائی کورٹ کا متعصبانہ اور مسلم مخالف فیصلہ سامنے آیا تھا، کرناٹک ہائی کورٹ نے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کو مسترد کردیا تھا۔

کرناٹک ہائی کورٹ کی تین رکنی بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ حجاب پہننا اسلام کا لازمی جُز نہیں، یونیفارم پر نافذ پابندیاں مناسب تھیں، طلبا اس پر اعتراض نہیں کرسکتے۔

کرناٹک ہائی کورٹ کا حجاب سے متعلق تعصب پر مبنی فیصلے کے بعد بھارت میں جگہ جگہ مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد بھارت کے مختلف علاقوں میں باحجاب خواتین احتجاج ریکارڈ کرا رہی ہیں۔

 

 

 


متعلقہ خبریں