حریت رہنماؤں کی برسی:مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال


سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیرمیں آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ شٹر ڈاؤن ہڑتال حریت رہنماؤں میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی برسی کے موقع پر کی گئی ہے۔ مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام احتجاجی مظاہرے بھی کررہے ہیں۔

شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق اور یاسین ملک نے دی ہے۔ کشمیری عوام اپنے حریت رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے عید گاہ میں مزار شہدا کی جانب مارچ بھی کریں گے جہاں دونوں حریت رہنما مدفون ہیں۔

میرواعظ مولوی محمد فاروق کو 21 مئی 1990  کے دن نامعلوم افراد نے ان کے گھر پر فائرنگ کرکے شہید کر دیا تھا۔ قابض بھارتی افواج نے ان کے جنازے پر بھی فائرنگ کی تھی جس میں 70 سوگواران شہید ہوگئے تھے۔

21 مئی 2002 کو خواجہ عبدالغنی لون کو بھی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔ اس وقت وہ میر واعظ مولوی محمد فاروق کی برسی کے موقع پر عیدگاہ میں منعقدہ ایک جلسے سے خطاب کرکے واپس آرہے تھے۔

معروف امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے پیر کے روز اپنے اداریہ میں امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو حل کرائے۔ اداریہ میں تجویز دی گئی ہے کہ کشمیریوں کو شامل کرکے سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے تنازعہ کشمیر کو حل کیا جائے۔

 


متعلقہ خبریں