کراچی ٹیسٹ: بابراعظم کی تاریخی اننگز، ٹیم کو شکست سے بچا لیا


قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کی تاریخی اننگز کی بدولت پاکستان آسٹریلیا کے خلاف یقینی شکست سے بچ گیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بابراعظم نے 425 گیندیں کھیل کر 196 رنز کی بڑی اننگز کھیلی، جو آج تک چوتھی اننگز میں کسی بھی کپتان کی جانب سے کھیلی گئی سب سے بڑی اننگز ہے۔

آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 506 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔ پاکستان نے پانچویں روز کا آغاز کیا تو بابراعظم اور عبداللہ شفیق کریز پر موجود تھے۔

قومی ٹیم کو جیت کے لیے 316 رنز درکار تھے، ایسے میں عبداللہ 96 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بابراعظم کا ساتھ دینے کے لیے فواد عالم کریز پر آئے تاہم ان کا سفر مختصر ثابت ہوا۔ وہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر محمد رضوان اپنے کپتان کا ساتھ دینے آئے اور دونوں نے 115 رنز کی شراکت داری قائم کی، بابراعظم 196 پر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان نے بھی شاندار سنچری اسکور کی انہوں نے 104 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے اسپنر نیتھن لائن نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پیٹ کمنز دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک آسٹریلیا ون ڈے، ٹی 20 میچز لاہور میں کرائے جانے کا امکان

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میچ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے 160 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 556 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی، جواب میں قومی ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

اس موقع پر آسٹریلوی کپتان نے پاکستان کو فالو آن کرنے کے بجائے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم نے دوسری اننگز 97 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی اور پاکستان کو جیت کے لیے 506 رنز کا ہدف دیا۔

خیال رہے کہ تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے دونوں میچ ڈرا ہوئے ہیں جب کہ تیسرا میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں