اتحادیوں کے بغیر بھی ہمارے پاس اکثریت ہے، بلاول بھٹو



چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کے لیے ہمارے نمبرز اتحادیوں کے بغیر بھی پورے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ پوائنٹ ودھ مالک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اکثریت کھو چکے، غیرجمہوری شخص کو جمہوری ہتھیار استعمال کر کے چیلنج کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  ہمارا ٹارگٹ اور مقصد وزیراعظم ہے، کسی کے سامنے کوئی مطالبہ نہیں رکھا، الیکٹورل ریفارمز کے بعد صاف اور شفاف انتخابات کرانا چاہتے ہیں، نئی حکومت کا مینڈیٹ بھی صرف انتخابی اصلاحات کا ہو گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے اسپیکر، صدر اور چیئرمین سینیٹ وغیرہ کی نشستوں پر کوئی بات نہیں کی، ہم سمجھتے ہیں کہ اکثریت والی جماعت کا وزیراعظم ہونا چاہیے، ہم جو مینڈیٹ دیں گے وہ بھی صرف الیکٹورل ریفارمز کا ہوگا۔

200سےزائد ارکان کی تائید بلاول کی خواہش ہوسکتی ہے لیکن حقائق نہیں،شاہ محمود

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں، کیونکہ جمہوری طریقے سے شکست کھا چکے ہیں، ہم تو صرف یہ کہتے ہیں کہ عمران خان ایوان میں 172 نمبرز پورے کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو بنانے کیلئے ہم نے اپنی محنت جاری رکھی، یوسف رضا گیلانی کو جتوا کر ثابت کردیا تھا کہ ہم مضبوط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق میں گارنٹی نہیں دے سکتا نہ یہ میری خواہش ہے، کافی پہلے سے عثمان بزدار کی غیر مقبولیت بہت پہلے سے نظر آرہی تھی۔

مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق ہم صرف تجویز دے سکتے ہیں، فیصلہ ن لیگ نے کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی کیلئے کراچی کے اسٹیک ہولڈرز سے بات کروں گا، ہم کراچی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں، شہر کے میئر سے متعلق فیصلہ کراچی کے عوام نے کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں