میں عمران خان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہارے یا جیتے میں ان کے ساتھ ہوں جبکہ عمران خان حزب اختلاف کی بےوقوفی سے زیادہ مقبول ہو گئے ہیں۔ اراکین قومی اسمبلی کا فیصلہ ہے کہ وہ حق میں ووٹ دیں یا مخالفت میں تاہم ایمپائر نیوٹرل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حزب اختلاف نے تصادم کیا تو وہ اس وقت کو روئے گی۔ ساڑھے 3 سال یہ لوگ ہاتھ پر پاتھ دھرے بیٹھے ہوئے تھے اور ان کو ساڑھے 3 سال بعد اچانک قومی حکومت کا خیال آگیا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ٹی وی ڈرون کیمرے کی تحقیقات کے لیے ڈی جی آئی ایس آئی کو خط لکھا اب یہ کل کہیں گے کہ اسمبلی تک پہنچانے کے لیے بھی آئی ایس آئی آئے۔

انہوں نے کہا کہ ضمیر کو بھیج کر دولت کمانے والوں کے لیے یہ کام نہیں آئے گی اور امید ہے اتحادی عمران خان کے ساتھ ہوں گے۔ سندھ ہاؤس میں اراکین قومی اسمبلی کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے اور سندھ ہاؤس میں کچھ لوگ موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ق مناسب وقت پر درست فیصلہ کرے گی، وزیر خارجہ

وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلی بار شہباز شریف کی بلی تھیلے سے نکل آئی ہے اور قومی حکومت کا مطالبہ کیا تاہم تحریک عدم اعتماد میں عمران خان سرخرو ہوں گے اور 25 مارچ سے مطلع صاف ہونا شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کے بعد سارا ہفتہ سیاسی ہو گا اور عمران خان کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ سندھ ہاؤس میں پرائیویٹ فورس لائی گئی ہے۔ 27 مارچ کو ڈی چوک میں جلسہ ہو گا جبکہ 20 مارچ سے اسمبلی اور لاجز کے اطراف میں ایف سی اور رینجرز اہلکار تعینات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 21، 22 اور 23 مارچ کو مقامی سطح پر چھٹی ہو گی۔ 23 کو تاریخی پریڈ ہو رہی ہے۔


متعلقہ خبریں