عدم اعتماد: دو درجن سے زائد حکومتی ارکان سندھ ہاؤس میں موجود، نام سامنے آ گئے


اسلام آباد: سندھ ہاؤس میں موجود حکومتی اراکین کے نام سامنے آ گئے۔

سندھ ہاؤس میں موجود حکومتی اراکین میں راجہ ریاض، باسط سلطان بخاری، نور عالم خان، ملتان سے رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ، نواب شیر وسیر، وجیہہ قمر، محمد قاسم نون سمیت دیگر شامل ہیں۔

حکومتی رکن قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے نام سامنے آنے پر کہا کہ اپنی مرضی سے سندھ ہاؤس آئے ہیں حکومت کا پیسوں کا الزام جھوٹ پر مبنی ہے۔ چند ماہ قبل ملتان میں ریسکیو 1122 کو 40 کروڑ روپے کی زمین عطیہ کی،انہوں نے کہا کہ ہم پیسے لے کر بکنے والے نہیں ہیں۔

نور عالم خان نے کہا کہ ہم لائے نہیں گئے بلکہ خود آئے ہیں۔ لوڈشیڈنگ یا کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی تو کہا گیا کیا آپ پیپلز پارٹی میں ہیں۔ میرے حلقے میں گیس نہیں آتی کوئی بات سننے والا نہیں ہے۔

حکومتی رکن اسمبلی باسط سلطان بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سے کوئی وزارت نہیں مانگی لیکن ایک منصوبہ تھا جو اپنی سربراہی میں مکمل کرنے کا کہا تھا۔ حکومت نے ساڑھے 3 سالوں میں کچھ نہیں کیا۔

سندھ ہاؤس میں لوگ نوٹوں کی بوریاں لے کر ضمیر خریدنے بیٹھے ہیں، وزیر اعظم

راجہ ریاض نے نام سامنے آنے پر کہا کہ کسی نے کوئی پیسہ نہیں دیا بلکہ ہم نے ووٹ ضمیر کے مطابق دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو پتہ ہے پولیس سے لاجز پر حملہ کرایا گیا اور ہمارے ارکان پر تشدد کیا گیا تھانے لے گئے۔ محسوس کیا جو واقعہ لاجز میں ہوا وہ ہمارے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔

راجہ ریاض نے کہا کہ 2 درجن سے زائد ارکان قومی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں۔

حکومتی رکن وجیہہ قمر بھی سندھ ہاؤس میں موجود تھیں اور انہوں نے کہا کہ آئین مجھے حق دیتا ہے اور ہم ضمیر کے مطابق ووٹ دیں گے۔ بڑے خواب لے کر تحریک انصاف میں آئے تھے لیکن لوگوں کے خواب چکنا چور ہوگئے ہیں اور ہمارا اپنے حلقے میں جانا مشکل ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزید حکومتی خواتین ارکان بھی ہمارے ساتھ ہیں اور اس وقت تحریک انصاف کی 3 خواتین ارکان بھی یہاں موجود ہیں۔ سندھ ہاؤس میں بہت اچھا ماحول ہے۔


متعلقہ خبریں