پاک آسٹریلیا میچز کی میزبانی لاہور کے سپرد، اعلامیہ جاری


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور آسٹریلیا کرکٹ نے ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی لاہور کے سپرد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا نے متفقہ طور پر میچز کی جگہ تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 31،29 مارچ اور 2 اپریل کو 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

5 اپریل کو شیڈول ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ بھی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ بین الاقوامی میچز مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے شروع ہوں گے اور ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 30 منٹ پر شروع ہو گا۔

پی سی بی کے مطابق آسٹریلوی ٹیم کے وائٹ بال اسکواڈ میں شامل کھلاڑی 24 مارچ کو لاہور پہنچیں گے اور کھلاڑیوں کو ایک روزہ روم آئسولیشن کے بعد اسکواڈ جوائن کرنے کی اجازت ہو گی۔

قومی وائٹ بال کھلاڑی 22 مارچ کو اکٹھے ہوں گے اور 25 مارچ سے ٹریننگ کی اجازت ہو گی۔ وائٹ بال سیریز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں