پیرکوتحریک عدم اعتماد پیش ورنہ ایوان میں دھرنا، پھر دیکھتے ہیں او آئی سی اجلاس کیسے ہوتا ہے، بلاول بھٹو


اسلام آباد: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر اسپیکر نے پیر تک اجلاس نہ بلایا تو ایوان میں دھرنا دیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان گالم گلوچ کی سیاست پر پہنچ چکے ہیں اور عمران حکومت دھمکیوں پر اتر آئی ہے۔ پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والوں نے کل سندھ ہاؤس پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ووٹ دینے والے ارکان کو دھمکی دے رہی ہے تاہم ہم عمران خان کو خبردار کرتے ہیں کہ آخری بال پر ٹیمپرنگ نہ کریں جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی خبردار کرتے ہیں کہ آلہ کار نہ بنیں کیونکہ پتہ چلا ہے کہ اسپیکر آئین اور قانون توڑنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عوامی دباؤ کی وجہ سے بہت سے لوگ واپس آئیں گے، وزیر اعظم

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی آئین اور قانون کے تحت اپنا کردار ادا کریں۔ عمران خان کو کہتا ہوں کہ کھلاڑی ہیں اور کھلاڑی ہی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے غیر جمہوری سوچ نہ بدلی تو ساری اپوزیشن کو مناؤں گا۔ یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں آئینی بحران پیدا ہو۔ ہم اپنا حق لیے بنا اسمبلی ہال سے نہیں اٹھیں گے دیکھتے ہیں پھر او ائی سی اجلاس کیسے ہوتا ہے۔ او آئی سی کانفرنس کے لیے اپوزیشن نے لانگ مارچ کی تاریخ آگے کی تھی مگر حکومت چاہتی ہے کہ اپوزیشن پرامن نہ رہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسپیکر کو کہتے ہیں تحریک انصاف کا کارکن نہ بنیں اور ہم چاہتے ہیں پیر کو اجلاس عدم اعتماد سے شروع ہو۔ اسپیکر کو کہتے ہیں اجلاس آئینی طریقے سے چلائے۔


متعلقہ خبریں