تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب سے انتخابی امیدواران کو شارٹ لسٹ کرلیا


لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی ٹکٹ کے لیے جنوبی پنجاب سے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلیے ہیں۔ قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 100 اورصوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 300 امیدواران کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

ذمہ دار ذرائع نے ’ہم نیوز‘ کو بتایا کہ  اُن حلقوں سے بھی امیدواران کے نام بھیجے گئے ہیں جہاں سے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے اراکین جیتے تھے۔

9 اپریل 2018 کو مسلم لیگ ن کے چھ اراکین  قومی اسمبلی خسرو بختیار، طاہر بشر چیمہ، باسط بخاری۔ رانا قاسم نون، طاہر اقبال اور بلخ شیر مزاری جب کہ دو اراکین پنجاب اسمبلی اصغر علی شاہ اور نصراللہ دریشک نے پارٹی اور اسمبلی سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

علیحدہ ہونے والے اراکین اسمبلی نے ایک الگ صوبے کے قیام کا مطالبہ کیا تھا جسے جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا نام دیا گیا تھا۔ اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں جنوبی پنجاب کو اس کے جائزحقوق نہیں دیئے گئے ہیں۔

وقت کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کے مزید اراکین اسمبلی استعفے دیتے رہے اور اب یہ تعداد 42 تک پہنچ گئی ہے۔

نو مئی 2018 کو مسلم لیگ ن سے الگ ہونے والے ممبران اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

خیبرپختونخوا (کے پی) کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے امیدواروں کے چناؤ میں احتیاط سے کام لیں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ  تعلیم یافتہ، متحرک اور پارٹی کے جان نثار نوجوانوں کو سامنے لائیں گے۔

کے پی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ آئندہ امیدواران سے ٹکٹ کی درخواست کے ساتھ حلف وفاداری بھی لیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں