دنیا مہمان پاکستان میزبان، اسلام آباد میں او آئی سی کانفرنس جاری


پاکستان کے لیے تاریخی دن، سفارتی محاذ پر پاکستان کی بڑی کامیابی، دنیا بھر سے اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ پاکستان کے مہمان بن گئے ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج او آئی سی کانفرنس شروع ہورہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے، جس میں مقبوضہ کشمیر، فلسطین، افغانستان کے مسئلے پر تبادلہ خیال ہوگا۔ سو سے زائد قراردادیں زیر بحث آئیں گی، او آئی سی چیئرمین شپ ایک سال کیلئے آج پاکستان کو منتقل ہوجائے گی۔

سیکریٹری جنرل او آئی سی نے کہا، مسلم امہ کے مسائل کے حل کیلئے ہرممکن کردار ادا کریں گے۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے لیے چین اور سعودی عرب سمیت ترکی، قطر، کویت اور بحرین کے وزرائے خارجہ اسلام آباد میں موجود ہیں۔ مصر، انڈونیشیا، تیونس، صومالیہ، گیمبیا اور نائیجر کے وزرائے خارجہ بھی پاکستان میں ہیں۔

مالدیپ کے مستقل مندوب، سعودی عرب میں بنگلہ دیش کے سفیر اور سویڈن کا وفد بھی اسلام آباد میں موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: او آئی سی وزرائےخارجہ کانفرنس ایک تاریخی پیش رفت ہے، آرمی چیف

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے ۔ اجلاس کا موضوع اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت داری ہے ۔ تجارتی اور اقتصادی روابط ایجنڈے کا اہم نکتہ ہیں ۔ اجلاس میں عالمی صورتحال اور مسلم امہ کو درپیش چیلنجز، باہمی یکجہتی،علاقائی امن اور ترقی پر غور کیا جائے گا۔

کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ اسلاموفوبیا اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر بھی غور ہو گا۔ کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ اس موقع پر جموں و کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کا وزارتی اجلاس بھی ہو گا۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

اجلاس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے استقبال کے لیے پارلیمنٹ کی راہداری میں ریڈ کارپٹ بچھا دیے گئے، سینیٹ اور قومی اسمبلی ہالز کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجادیا گیا، پارلیمنٹ کو دیدہ زیب بنانے کے لیے تزین و آرائش مکمل ہے ۔


متعلقہ خبریں