عمران خان نوازشریف کیخلاف 65 روپے کی کرپشن بھی ثابت نہ کر سکے،مریم نواز


مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نوازشریف کے خلاف 65 روپے کی کرپشن بھی ثابت نہیں کرسکے۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو تو اللہ نے سرخرو کر دیا مگر موسوی کا بیان عمران خان کیخلاف چارج شیٹ ہے، انہیں بتانا ہو گا کہ قوم کا پیسہ اپنے انتقام کی آگ ٹھنڈی کرنے پر بہانے کا اختیار کس نے دیا؟

نوازشریف کےخلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا: براڈ شیٹ سربراہ الزامات سے دستبردار

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سر اللہ تعالیٰ کے آگے سجدہ شکر میں ہیں، نواز شریف کا صبر، تمہارے جبر سے جیت گیا ہے۔

خیال رہے کہ  براڈ شیٹ  کے سربراہ کاوے موسوی نے سابق  وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لگائے گئے  الزامات سے دستبردار ہوتے ہوئے  معافی مانگ لی ہے۔

جنگ اخبار کے مطابق انٹرویو میں براڈ شیٹ کے سی ای او کاوے موسوی نے کہا کہ وہ دو  دہائیوں تک احتساب کے  نام پر نوازشریف کو  نشانہ بنانے کی کارروائیوں کا حصہ بننے پر شرمندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  وہ ریکارڈ کی درستگی کے لئے معافی چاہتے ہیں کیونکہ دودہائیوں سے جاری براڈ شیٹ کی فرانزک تحقیقات کے  دوران نواز شریف یا ان کی فیملی کے حوالے سے ’’ایک روپیہ‘‘ کی کرپشن کا ثبوت نہیں ملا۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں