عمران خان سابق وزیر اعظم ہو چکے ہیں، بلاول بھٹو


مالاکنڈ: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان سابق وزیر اعظم ہو چکے ہیں اور بزدل ہمیشہ گالی دیتا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالاکنڈ کے عوام سے ہمارا 3 نسلوں کا رشتہ ہے اور قائد عوام نے یہاں پر ٹیکس فری زون قائم کیا۔ قائد عوام نے پاکستان کی قسمت بدلی اور ہم گزشتہ 3 نسلوں سے یہاں کے عوام کے خدمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام شروع کیا تھا اور شہید بے نظیر بھٹو نے عوام کی خدمت کی۔ شہید بی بی نے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم وقت کے ظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں اور پہلے دن سے کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ ہم اس غیر جمہوری شخص کا مقابلہ جمہوری طریقے سے کریں گے اور ہم ایمپائر کی انگلی کا جواب ووٹ کی انگلی سے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی غیر جمہوری طریقہ استعمال نہیں کریں گے۔ میں گیٹ نمبر 4 کو نہیں کھٹکھٹاوں گا اور میں کالا کوٹ پہن کر عدالت نہیں جاوں گا۔ عمران سابق وزیراعظم بن چکا ہے اور عمران خان بزدل ہے مقابلے سے بھاگ رہا ہے۔ ہمیں چوہے کہنے والے خود بھاگ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  استعفی نہ ملک سے غداری: پتے ایک دن پہلے ظاہر کروں گا، عمران خان

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان میں غیرت ہے تو مقابلہ کرے، بزدل گالی دیتا ہے اور بھاگتا ہے۔ 8 مارچ کو ہم نے عدم اعتماد جمع کرائی جس کی 7 روز میں ووٹنگ ہونی تھی اور آئین کہتا ہے کہ 14 روز میں اجلاس بلانا ہوتا ہے لیکن سیشن سے بھاگنے کے لیے یہ آئین توڑ بیٹھے ہیں اور یہ اسپیکر کو آرٹیکل 6 میں پھنسا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کو 3 سال گزر چکے ہیں لیکن ان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں اور یہ وزیر اعظم ہو کر ہمیں اردو سکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اردو ہماری قومی زبان ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اردو سیکھیں۔ اس ملک میں بہت سی زبانیں بولی جاتی ہیں اور ہم سب زبانوں کی عزت کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گالی دینا ہارے ہوئے شخص کی نشانی ہے اور ڈیزل ڈیزل کہنے والوں نے خود ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ یہ کہتے ہیں اس لیے وزیر اعظم نہیں بنا کہ وہ ٹماٹر اور آلو کی قیمت پر فوکس کریں۔

انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست عدل اور اخلاقیات پر مبنی ہوتی ہے اور ان کی ریاست جادو پر چل رہی ہے۔ ان کی ریاست عوام دشمن ریاست ہے اور انہیں ملک کو تباہ کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔ یہ جو سازش سازش کی بات کرتے ہیں یہ خود ایک سازش ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ان کی نیپیاں تبدیل کرتے کرتے انہیں اقتدار تک پہنچایا گیا اور اب یہ معیشت اور ملک کو تباہ کر کے کہتے ہیں کہ میں قوم بنا رہا ہوں۔ وزیر اعظم ہوتے ہوئے یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ بھارت کی خارجہ پالیسی اچھی ہے ؟ ان کی خارجہ اور سیاسی پالیسی بھارت کی خارجہ اور سیاسی پالیسی سے ملتی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان ہوتے ہوئے یہ مودی کی انتخابی مہم چلاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی فارن فنڈنگ سازش ثابت ہوچکی ہے۔ ہم عوام کے لیے محنت اور جدوجہد کر رہے ہیں لیکن یہ اپنے اسکینڈلز کا جواب دینے کو تیار نہیں ہیں۔ قائد عوام نے ان کے والد کو کرپشن پر نوکری سے نکالا تھا اور اسی وجہ سے یہ ہر دوسرے آدمی پر کرپشن کا الزام لگاتے ہیں۔ عمران خان کی حکومت میں تاریخ کی سب سے زیادہ کرپشن ہوئی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کو معلوم ہے صاف اور شفاف انتخابات ہوئے تو انہیں شکست ہو گی اور یہ ملک کسی ایک جماعت یا کسی ایک شخص کا نہیں یہ ملک پاکستان کے عوام کا ہے اور پاکستان کے عوام صاف اور شفاف انتخابات اور آزادی چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں جبکہ آئندہ انتخابات میں دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عدم اعتماد کا مطالبہ جمہوری طریقے سے جلد پورا کیا جائے اور عدم اعتماد میں کوئی دھاندلی برداشت نہیں کریں گے۔ انہیں پتہ ہے کہ اگر جیتنا ہے تو صرف دھاندلی کے ذریعے جیتنا ہے کیونکہ اب پاکستان کے عوام آپ کو پہچان چکے ہیں کوئی آپ سے ہاتھ ملانے کو بھی تیار نہیں۔ یہ کہتے ہیں کہ جو ان کا ساتھ نہیں دیں گے ان کے بچے اسکول نہیں جاسکیں گے۔


متعلقہ خبریں