ضمیر فروشی کا بند ہونا ضروری ہے، فواد چودھری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ضمیر فروشی کا بند ہونا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس کی سماعت جاری ہے۔ پہلے سندھ ہاؤس کے معاملے پر بات ہوئی ہے اور سندھ ہاؤس میں جو عمل ہوا اس کا مداوا نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالت ہارس ٹریڈنگ کو بند کرے اور ضمیر فروشی کا بند ہونا ضروری ہے۔ اٹارنی جنرل کا مؤقف ہے کہ رکن قومی اسمبلی کا ووٹ پارٹی کا ہے اور ابھی اٹارنی جنرل نے بینظیر بھٹو کیس کا ذکر کیا ہے تاہم اسپیکر فیصلہ کریں گے کہ وہ ووٹ گنا جائے گا یا نہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ یہ کیس پاکستان کی سیاست کی بنیاد ہے۔ یوسف رضا گیلانی کے معاملے میں ووٹ خریدنے کی ویڈیوز سامنے آئیں اور ویڈیوز کو بطور ثبوت الیکشن کمیشن میں جمع کرایا گیا لیکن ویڈیوز پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ووٹ خریدنے کا اسٹاک ایکسچینج لگا ہوا ہے اس کو روکنا ضروری ہے اور ووٹ خریدنے کی روک تھام کے لیے سپریم کورٹ کا فیصلہ اہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت

وزیر مملکت حماد اظہر نے کہا کہ اپوزیشن کے لوگ یہ جانتے ہیں کہ 2018 میں ووٹ عمران خان کو ملے اور اب ووٹ کو خرید کر یہ لوگ اپنی حکومت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے اس معاملے میں سپریم کورٹ اہم فیصلہ کرے گی۔ میرا ووٹ میری ذات کو نہیں بلکہ میری جماعت اور اس کے انتخابی نشان کو ملا۔


متعلقہ خبریں