جنگ کے دوران روس کے 15 ہزار فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، نیٹو کا دعویٰ


مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ روس یوکرین جنگ میں ایک ماہ کے دوران روس کے 15 ہزار کے قریب فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین میں روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کا موازنہ افغانستان کے ساتھ کیا گیا ہے جہاں 10 سال میں تقریباً 15 ہزار فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

نیٹو کے ایک سینیئر فوجی افسر کے مطابق فوجیوں کی ہلاکتوں کا اندازہ یوکرین کے حکام کی جانب سے دی جانے والی اطلاعات پر مبنی ہے جبکہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے دو ہفتے قبل کہا تھا کہ ان کے تقریباً 13 سو فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرین پر حملہ ایٹمی جنگ کی صورت اختیار کر سکتا ہے، نیٹو

نیٹو کے فوجی افسر کا مزید کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے روسی فوجیں اب دارالحکومت کیف میں آگے نہیں بڑھنا چاہتیں جبکہ کیف کے مشرقی علاقوں میں یوکرین کی فوجوں نے روسی فوج کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔

دوسری جانب یوکرین کے صدر روسی حملے کے بعد مسلسل متحرک ہیں اور دنیا کی توجہ حاصل کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دنیا بھر کے ممالک کے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ یوکرین کی حمایت میں باہر نکلیں۔

 


متعلقہ خبریں