وزیراعظم عدم اعتماد میں نہ بچے تو اللہ عزت دے گا، شیخ رشید


اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عدم اعتماد میں نہ بچے تو اللہ عزت دے گا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج عمران خان کا دن ہے اور وزیر اعظم عمران خان آج جلسے سے خطاب کریں گے۔ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف والے اپنی مرضی سے بیٹھے ہیں جبکہ ہم نے کل جے یو آئی کو جلسے کی اجازت دی تھی۔ اب ہم انہیں شوکاز نوٹس دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پریڈ گراؤنڈ میں آج عوام کا سمندر ہو گا۔ بھاگ تو شہباز شریف بھی رہا تھا لیکن ایئر پورٹ سے پکڑ لیا اور یہ چلو بھر پانی لے کر ڈوب مریں کیونکہ ان کی واجبی سی ریلی لاہور سے آرہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آج کی جنگ عمران خان کی نہیں بلکہ ہر پاکستانی کی ہے، شہباز گل

شیخ رشید احمد نے کہا کہ 28 مارچ کو ہم نے ن لیگ کو بھی جلسے کی اجازت دی ہے۔ عمران خان ان سے آخری اوور اور بال تک کھیلے گا جبکہ ان کی نااہلیوں کی وجہ سے عمران خان مقبول ہوگیا ہے لیکن اگر وزیر اعظم عدم اعتماد میں نہ بچے تو اللہ عزت دے گا۔

انہوں نے کہا کہ 7 دن تک ہمارا کمانڈ اینڈ کنٹرول 24 گھنٹے کے لیے کھلا ہے اور کشمیر ہائی وے پر جے یو آئی کے کارکن آئے تو قانون کے مطابق عمل ہو گا تاہم آپ کا حق ہے آپ ریلی کریں لیکن آپ کا وقت ختم ہو چکا ہے اور پھڈا کرنے پر انتظامیہ حرکت میں آئے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مال سے لوگوں کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں۔ عمران خان دن کے وقت 5 ساڑھے پانچ بجے خطاب کرنا چاہتے ہیں۔ سری نگر ہائی وے کو خاص طور پر کھلا رکھنے کے آرڈرز ہیں جبکہ ان کا معیار گر چکا ہے کیونکہ یہ قاتلوں کو بھی دبئی سے بلا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں حفاظتی ضمانت ہوئی ہے تاہم میں نے نہیں سنا کہ بندہ دبئی میں ہو اور 10 دن کی حفاظتی ضمانت ہو۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سے کہتا ہوں عمران خان کے جلوسوں کا راستہ روکنا ہے تو ایسا نہیں ہو گا اور اندازہ کرو بلاول عمران خان سے استعفیٰ مانگ رہا ہے اور فضل الرحمان کہہ رہا کہ کل عمران خان کا آخری دن ہے۔ میرے پاس اندر کی خبر ہے تمہیں کچھ نہیں ملے گا اور عمران خان چھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران نیازی کے دور میں بدترین کرپشن ایک حقیقت ہے، شہباز شریف

وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ جو یہ سمجھ رہے ہیں کہ اقتدار آپ کی جھولی میں آئے گا لیکن ایسا نہیں ہو گا تاہم میرا کام ہے قوم کو باخبر کرنا ہے۔ او آئی سی دشمن بڑا کھیل کھیلنے جا رہے تھے جس سے ایجنسیوں اور پاک فوج نے بچایا۔

انہوں نے کہا کہ گرمی کے باعث کارکنان بینرز اور سایہ دار درختوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ عمران خان کے ہاتھوں ان ضمیر فروشوں کا خاتمہ ہو اور مسائل زدہ لوگ اسمبلی میں آئیں، یہ میری رائے ہے۔ میں وقت سے پہلے الیکشن کا پہلے سے حامی تھا۔ ہمارے دور میں مہنگائی تھی میں تو شاید ریٹائرمنٹ لے لوں تاہم ایک نالہ لئی میری سیاست کا مشن رہ گیا ہے تاہم 4 یونیورسٹیاں نئی بنی ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف گیٹ نمبر 4 کی پیدوار ہے لیکن کسی آرمی چیف سے ان کی نہیں بنی۔ بلاول کو وارننگ دیتا ہوں عمران خان کی فیملی تک نہ جائے۔ عوام فیصلہ کرے کہ ایسے لوگ لائیں جو اصلی اور نسلی ہوں بلیک میلرنہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ق لیگ مجھ سے ناراض ہوجاتی ہے تاہم میرے ان کے بڑوں سے تعلقات تھے۔ چودھری شجاعت میرے لیے قابل احترام ہیں۔ اپوزیشن کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کے انجنوں میں کچرا ہے۔ عمران خان کو خدا بچائے گا اور آرمی چیف اپنا وقت پورا کریں گے۔ سیاسی کفن فروش ملک کو لوٹنے کے لیے آتے ہیں۔


متعلقہ خبریں