امریکہ نے طالبان کیساتھ مذاکرات منسوخ کر دیئے

امریکہ نے طالبان کیساتھ مذاکرات منسوخ کر دیئے

واشنگٹن: امریکہ نے طالبان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو افغانستان میں لڑکیوں کے اسکولوں کی بندش کی وجہ سے منسوخ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے طالبان کی جانب سے لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولوں کو کھولنے کا حکم واپس لینے کو مایوس کن قرار دیا اور دوحہ میں ہونے والے امریکہ افغان مذاکرات منسوخ کر دیئے۔

ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ لڑکیوں کے سیکنڈری اسکولوں کی بندش کے فیصلے سے امریکہ اور طالبان کے درمیان حالیہ رابطوں اور مستقبل میں ہونے والی بات چیت میں بھی خلل پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے اسکولوں کو کھولنے کے فیصلے کی واپسی سے طالبان کے ساتھ صرف امریکہ نہیں بلکہ دنیا بھر کے تعلقات خراب ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان:طالبان نے خواتین کو بغیر محرم ہوائی سفر کرنے سے روک دیا

دوحہ میں طالبان کے اعلیٰ حکام کے ساتھ امریکہ اور ورلڈ بینک کے نمائندوں کی ملاقات طے تھے جس میں جنگ زدہ ملک کے عوام کو دوائیں، کھانے پینے کی اشیاء اور مالی امداد کی فراہمی کے روٹ میپ پر بھی بات چیت کرنا تھی۔

واضح رہے کہ طالبان نے افغانستان میں حکومت قائم کرنے کے 7 ماہ بعد لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول 23 مارچ کو کھول دیئے تھے تاہم اسی روز ہی دوبارہ اسکولوں کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا۔


متعلقہ خبریں