صاف پانی کمپنی کیس، شہباز شریف کے داماد نیب میں پیش نہ ہوئے

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے داماد علی عمران  آج  بھی قومی احتساب بیورو (نیب)  کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ انہیں صاف پانی کمپنی کیس میں مبینہ کرپشن انکوائری کے سلسلے میں نیب لاہور میں پیش ہونا تھا۔

نیب ذرائع کے مطابق علی عمران کو آج تیسری مرتبہ ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی  ہدایت کی گئی تھی۔

نیب کا کہنا ہے کہ علی عمران کو پنجاب پاورڈویلپمنٹ کمپنی کے سابق سی ایف او نوید اکرم کی نشاندہی پر طلبی کے نوٹس بھجوائے گئے تھے۔ اب ڈی جی نیب لاہور کی منظوری کے بعد انہیں دوبارہ نوٹس بھیجا جائے گا تا کہ کیس کی تحقیقات آگے بڑھائی  جا سکے۔

نیب کے مطابق علی عمران کے  پیش نہ ہونے پر نیب آرڈیننس کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔  نیب نے اسی کیس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو بھی چار جون کو طلب کر رکھا ہے۔

صاف پانی کمپنی بدعنوانی کیس میں کئی ملزمان کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔  ملزمان پر مالی بدعنوانیوں اور کروڑوں روپے کے فراڈ  کا  الزام  ہے جس کے باعث ملکی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔


متعلقہ خبریں